• news

دہشت گردی کے خلاف جنگ، پیپلز پارٹی واضح پالیسی نہ بنا سکی: ظفر علی شاہ

اسلام آباد (وقت نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر ظفر علی شاہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف لڑی جانے والی جنگ ہماری نہیں ہے، جب تک ہم اس سے نہیں نکلیں گے مسئلہ حل نہیں ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وقت نیوز کے پروگرام ٹونائٹ ود فہد حسین میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام میں پیپلز پارٹی کے سینیٹر سعید غنی اور تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے بھی شرکت کی۔ ظفر علی شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت ساڑھے چار سال میں دہشت گردی کی جنگ کے حوالے سے کوئی پالیسی نہیں بنا سکی، اسی کا نتیجہ ہم آج بھگت رہے ہیں۔ جب تک اس معاملے کو سیاسی طور پر ہینڈل نہیں نہیں کیا جائے گا یہ مسئلہ اسی طرح الجھا رہے گا۔ سینیٹر سعید غنی کا کہنا تھا کہ سب سے بڑا مسئلہ ہی یہ ہے کہ سیاسی جماعتیں ابھی تک اس بات پر الجھی ہیں کہ یہ جنگ ہماری ہے یا نہیں، لوگ ہمارے مر رہے ہیں۔ یہ ضرور کہا جا سکتا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف نے اس وقت غلط فیصلہ کیا لیکن اب یہ جنگ ہمارے گلے پڑ چکی ہے۔ اس لئے جب تک تمام سیاسی جماعتیں یہ نہیں مانیں گی کہ یہ ہماری لڑائی ہے تب تک اس کا حل نہیں نکالا جا سکتا۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے 85 فیصد عوام کا یہ ماننا ہے کہ ملک میں امریکہ کی جنگ لڑی جا رہی ہے۔ حکومت نے عوام کو کنفیوژ کیا ہوا ہے، حکمران امریکہ کے غلام بنے ہوئے ہیں۔ امریکہ خود افغانستان میں مذاکرات کرنے جا رہا ہے اور تحریک انصاف کی بھی یہی پالیسی ہے کہ اس جنگ کا حل صرف اور صرف مذاکرات ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن