پالیسیوں میں بنیادی تبدیلیاں ضروری ہیں: فضل الرحمن، عافیہ کے اہلخانہ سے ملاقات
کراچی (این این آئی) جمعیت علماءاسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے حوالے سے حکومتی ذمہ داریوں میں سنجیدگی ہونی چاہئے۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے حصول کے کئی مواقع حکومت نے گنوا دیئے۔ حکومت نے ملالہ پر حملے کے بعد جو رویہ ملالہ کے ساتھ یکجہتی کا رکھا ویسا رویہ ڈاکٹر عافیہ کے ساتھ روا رکھا جاتا تو مسلح جدوجہد کی ضرورت پیش نہیں ہوتی۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے اہلخانہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا ان کی جماعت عافیہ کے معاملے پر عافیہ کے اہل خانہ کے ساتھ ہے۔ ان کا کہنا تھا عافیہ کی رہائی کے لئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا حکومتی پالیسیوں میں اثر نہیں رہا لہٰذا پالیسیوں کو بنیادی تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر عافیہ کی والدہ عصمت صدیقی اور بہن فوزیہ صدیقی کی جرا¿ت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ان کی ہمت اور حوصلہ کے با عث عافیہ کا معاملہ اس نہج پر پہنچا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب حکومت کو عافیہ کے معاملے پر سنجیدگی سے اقدامات اٹھانے پڑینگے۔