پنجاب بار کونسل ٹربیونل کی کارروائی فیصل آباد کے وکیل کا لائسنس کینسل جعلی ڈگری پر 2 وکلا کے خلاف مقدمہ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) پنجاب بار کونسل ٹریبونل نے جعلی ڈگریوں کی بنا پر لائسنس حاصل کرنے والے جعلی وکیلوں کے خلاف مقدمات درج کرنے کا حکم دے دیا۔ فیصل آباد کے محمد سہیل کے خلاف قانون کی جعلی ڈگری کی بنا پر وکالت کا لائسنس حاصل کرنے پر اس کے خلاف پرچہ درج کروانے کا حکم دے دیا اور لائسنس بھی کینسل کر دیا۔ جسٹس شیخ نجم الحسن (چیئرمین)، ظفر محمود مغل ڈپٹی اٹارنی جنرل (ممبر) اور لہراسب خان گوندل (ممبر) پر مشتمل پنجاب بار کونسل ٹریبونل نے فیصل عباس کی درخواست پر محمد سہیل کی وکالت کی ڈگری کا ریکارڈ پنجاب یونیورسٹی سے طلب کیا جس کے مطابق ڈگری جعلی ثابت ہوئی۔ لاہور کے پرویز اسلم کی قانون کی ڈگری جعلی ثابت ہونے پر تھانہ سول لائن جبکہ شیخوپورہ کے انجم سہیل کے خلاف بھی وکالت کی ڈگری جعلی ثابت ہونے پر پرچہ درج کروایا گیا۔