• news

فوج قوم کی مدد سے دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کیلئے پرعزم ہے: آرمی چیف

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) فارمیشن کمانڈروں کی دو روزہ کانفرنس جی ایچ کیو میں شروع ہو گئی ہے۔ آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی صدارت کر رہے ہیں۔ عسکری ذرائع کے مطابق یہ معمول کی کانفرنس ہے جس میں فوج کے پیشہ وارانہ امور زیر غور آئیں گے۔ فارمیشن کمانڈروں کی کانفرنس میں میجر جنرل سطح کے افسران شریک ہوتے ہیں۔ یہ کانفرنس آرمی چیف کو فوج کی درمیانے درجے کی قیادت سے ملاقاتوں اور ان کی آرا جاننے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ ذرائع کے مطابق فارمیشن کمانڈروں کی کانفرنس کے پہلے روز آرمی چیف نے ملکی سلامتی کی تازہ صورتحال، دہشت گردی انسداد کے لئے کوششوں اور فوج کے کردار کے بارے میں اظہار خیال کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ قوم کی مدد سے فوج دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ کانفرنس میں کور کمانڈرز بھی شریک ہیں جن کا آرمی چیف کی سربراہی میں اجلاس ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن