حکومت عدلیہ کے خلاف سازشوں کے ایجنڈے پر چل رہی ہے: وکلا
لاہور (وقائع نگار خصوصی) وکلا کا کہنا ہے کہ حکومت عدلیہ کے خلاف سازشوں کے ایجنڈے پر چل رہی ہے جس کا مقصد صرف یہ ہے کہ کرپشن پر انہیں کوئی پوچھنے والا نہ ہو۔ لاہور بار کے صدر چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ حکومتی کرپشن کے خلاف عدلیہ نے تاریخ ساز فیصلے دئیے ہیں۔ سپریم کورٹ کے سینئر وکیل اے کے ڈوگر نے کہا جب کوئی حکومت عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد ہی نہ کرے تو اس سے بڑی سازش اور کیا ہو سکتی ہے۔ جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے چیئرمین محمد اظہر صدیق نے کہا کہ حکومت کے تمام تر غیر قانونی ہتھکنڈوں کے باوجود عدلیہ دبا¶ میں نہیں آئے گی۔ سینئر وکیل خواجہ محمود احمد نے کہا کہ آزاد عدلیہ نے کرپشن کے خاتمے اور بنیادی حقوق کے انتہائی اہم فیصلے کئے ہیں۔ اس وقت سیاسی جماعتوں کو متحد ہو کر اور عوام کے ساتھ مل کر عدلیہ کے حق میں تحریک چلانے کی ضرورت ہے۔