شمالی وزیرستان کا مسئلہ پارلیمنٹ کی قراردادوں پر عمل سے حل ہو گا : منور حسن
اسلام آباد (ثناءنیوز) امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا ہے کہ طالبان خصوصاً شمالی وزیرستان کا مسئلہ میرے یا کسی فرد کی رائے دینے سے نہیں بلکہ پارلیمنٹ اور اے پی سی کی متفقہ قراردادوں پر عمل کرنے سے ہی حل ہو گا، یہی قراردادیں پوری قوم کی متفقہ رائے ہیں اور انہی پر عمل ہونا چاہئے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن ہونا چاہئے یا نہیں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ اس سوال کا صحیح جواب قراردادیں ہی ہیں جو پوری قوم کی آواز ہیں۔ ان قراردادوں کو غیر اہم نہیں سمجھنا چاہئے۔ قرارداد میں وہ اقدامات تجویز کیے گئے کہ کیا کرنا چاہئے مگر اس قرارداد پر کوئی عمل نہیں کیا گیا۔ حقیقت تو یہ ہے کہ حکمرانوں میں کچھ کرنے کی خواہش نہیں بلکہ امریکی پالیسی پر عمل ہو رہا ہے اس کی خواہش کے مطابق چلا جا رہا ہے اسی کی چوکھٹ پر سجدہ ریز ہیں۔