4 ملکی گیس منصوبہ کھٹائی میں پڑنے کا خدشہ: سرمایہ کار کمپنیوں نے ترکمانستان کے گیس فیلڈز میں حصہ کا مطالبہ کر دیا
نئی دہلی (آن لائن) ترکمانستان سے افغانستان اور پاکستان کے راستے بھارت تک گیس پائپ لائن (تاپئی) امن پائپ لائن منصوبے کے لئے سرمایہ کار کمپنیوں نے ترکمانستان کے گیس فیلڈز میں حصہ کا مطالبہ کردیا ہے جس کے باعث یہ منصوبہ ایک مرتبہ پھر کھٹائی میں پڑنے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔بھارت میڈیا کے مطابق 9ارب ڈالر کے اس منصوبے پر ابتدائی بات چیت سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور میں شروع ہوئی تھی اور ابتدائی طورپر مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کئے گئے لیکن بعدازاں بھارت کے انکار، افغانستان کے حالات اور اس کے بعد گیس نرخ اور پائپ لائنوں کی تنصیب کے امور پر پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے باعث یہ منصوبہ پندرہ سال سے زائد عرصہ سے زیر التواءہے۔