افغان اور نیٹو فورسز کا مشترکہ کارروائیوں میں 17 طالبان کو شہید کرنے کا دعویٰ
کابل (آن لائن) افغان و نیٹو فورسز نے صوبہ غزنی میں مشترکہ کارروائیوں کے دوران غیر ملکیوں سمیت کم از کم سترہ طالبان جنگجوﺅں کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق غزنی میں افغان فوج کے ترجمان محمد حکیم ستانکزئی نے بتایا ہے کہ افغان فوجیوں جنہیں نیٹو کی مدد حاصل تھی نے ضلع کے سانگی اور نذرواں گاﺅں میں طالبان کے ٹھکانوں کے خلاف کارروائیاں کیں جس کے دوران جھڑپوں میں سترہ طالبان کو شہید کردیا گیا ہے جن میں چیچن‘ پاکستانی اور عرب ممالک کے باشندے بھی شامل ہیں جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ اتحادی فورسز اور عام شہریوں کو کوئی نقصان نہیں ہوا۔ طالبان کی طرف سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔