• news

رائے ونڈ: تبلیغی مرکز بازار میں تجاوزات کی بھرمار، گزرنا بھی محال ہو گیا

رائے ونڈ (نامہ نگار)تبلیغی اجتماع سر پر ہے جبکہ تبلیغی مرکز بازار میں عارضی تجاوزات بڑھتی جارہی ہیں، گزرنا بھی محال ہو گیا جبکہ ریلوے کے لیز ہولڈروں نے پختہ تجاوزات بھی شروع کردی ہیں۔ لیز ہولڈروں نے مقامی ریلوے حکام اور انتظامیہ سے مل کر سڑک تک تجاوزات کھڑی کردی ہیں،ان میں سے اکثر لوگ ایسے ہیں جو سودا سلف لگا کر پیچھے واقع لیز ہولڈروں کو کرایہ دیتے ہیں،دریں اثناءیہاں غیر قانونی طور پر عرصہ دراز سے تعمیرشدہ 54دکانوں کو واگزار کروانے کی کارروائی بھی فائلوں میں بند ہے ۔مذکورہ دکان دار آئے دن متعلقہ افسران سے ملی بھگت کرکے اپنا قبضہ برقرار کئے ہوئے ہیں، یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ اکثر دکانداروں نے ریلوے کی جگہ کی جعلی رجسٹریاں بھی بنائی ہوئی ہیں، مزید براں ریلوے پھاٹک قصور سے للیانی پھاٹک بالخصوص ٹاﺅن کمیٹی چوک سے ریلوے سٹیشن کے ایریا میں لاہور روڈ کے عقب میں بھی کئی لوگوں نے گھریلو اور کمرشل تجاوزات کی ہوئی ہیں،اسی طرح ریلوے کے مختلف شعبہ جات کے کنڈم کوارٹرز میں پرائیوئٹ لوگوں نے رہائشیں اختیار کررکھی ہیں، افسوسناک امر یہ ہے کہ ان کوارٹروں میں کئی قحبہ خانے اور جوئے کے اڈے بھی کھل چکے ہیں،ریلوے برداشت خانہ قصور روڈ اور محلہ اسلام آباد کے کوارٹرز اس سلسلہ میں بدنام ہیں،اس بارے جب متعلقہ افسر مجاز رانا منور سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ میری تعیناتی حال میں ہی ہوئی ہے صورت حال کا جائزہ لے کر جلد کاروائی کروں گا۔

ای پیپر-دی نیشن