38 برس کی عمر میں مکمل طور پر فٹ اور فارم مےں ہوں : اظہر محمود
کیپ ٹاﺅن (آئی این پی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راﺅنڈر اظہر محمود نے قومی ٹیم کیلئے دستیابی ظاہر کر دی۔ جنوبی افریقی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں اظہر محمود نے کہا کہ وہ 38 برس کی عمر میں بھی مکمل طور پر فٹ اور بھرپور فارم ہیں اور سلیکٹرز کی توجہ کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یاسر عرفات‘ عمران نذیر‘ محمد سمیع اور عبدالرزاق کو مواقع مل سکتے ہیں تو میرا بھی حق ہے کہ مجھے بھی کم از کم ٹی ٹونٹی کرکٹ میں موقع دیا جائے۔ انہوںنے کہا کہ چیمپئنز لیگ سے قبل آئی پی ایل‘ کیوی لیگ‘ بنگلہ دیش لیگ اور آسٹریلوی بگ بیش کے علاوہ انگلش سیزن میں میری کارکردگی سب کے سامنے ہیں لہٰذا پاکستانی ٹیم کی دوبارہ نمائندگی کی خواہش ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹرز کو اپنی دستیابی کے بارے میں آگاہ کر چکا ہوں اور ان کی توجہ کا منتظر ہوں۔ برطانوی شہریت اختیار کرنے والے راولپنڈی کے اظہر محمود نے کہا کہ پاکستان میں سلیکشن کا کوئی معیار نہیں جس کے باعث ان کے کئی قیمتی سال ضائع ہو گئے لیکن وہ مزید2سال تک کرکٹ کھیل کر ماضی کی کمی کا ازالہ کرنا چاہتے ہیں۔