ذکاءاشرف کو تمام معاملات کی ذمہ داری قبول کرنی چاہئے : خالد محمود
کراچی (آئی این پی) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین خالد محمود نے کہا ہے کہ ذکاءاشرف ایک برس سے بورڈ کے چیئرمین ہیں، اب انہیں بورڈ اور ٹیم کے تمام معاملات کی ذمہ داری قبول کرنی چاہئے۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تبدیلی اور بہتری کیلئے ایک سال کا عرصہ کم نہیں ، اب ذکاءاشرف قوم اور شائقین کو جواب دہ ہیں ، عبدالرزاق اور محمد حفیظ کے تنازع سمیت تمام امور پر ان کی جواب طلبی کی جائے ، ان کا کہنا تھا کہ بورڈ میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کی ذمہ داری ذکاءاشرف پر عائد ہوتی ہے اور ان کے ایک سال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی سمیت تمام افراد اور ذمہ دار انہوں نے اپنی مرضی کے مقرر کئے ہیں اور اب وہی نتائج کے ذمہ دار ہیں ، وہ اس سے بری الذمہ نہیں ہوسکتے۔ خالد محمود نے کہا کہ اگر امپائر ندیم غوری نے کرپٹ عناصر کے بارے میں بورڈ کو آگاہ کیا تھا تو یہ بورڈ حکام کی نااہلی ہے جو لاکھوں روپے ماہانہ تنخواہ اور دیگر مراعات حاصل کررہے ہیں اس بدنامی میں بورڈ مجرم ہے ، بورڈ حکام کو فوری طور پر آئی سی سی کو آگاہ کرنا چاہئے تھا۔