سپریم کورٹ : بے نظیر قتل کی دوسری ایف آئی آر کی درخواست واپس لینے پر نمٹا دی
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپرےم کورٹ کے پانچ رکنی لارجر بےنچ نے بے نظےر قتل کی دوسری اےف آئی آر کے اندراج کی درخواست واپس لئے جانے پر نمٹا دی۔ درخواست بے نظےر بھٹو کے سابق پروٹوکول افسر چوہدری اسلم نے دائر کی تھی ۔ درخواست مےں سابق وزےر اعلیٰ پنجاب چوہدری پروےز الہی ، بابر اعوان ، رحمن ملک سمیت دیگر 13 افراد کو فریق مقدمہ بنانے اور ان کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کی درخواست کی تھی ۔ عدالت نے دوران سماعت مختلف سوالات کئے اور پوچھا کہ واقعہ میں جاں بحق ہونے والے 23 افراد کے ورثاءمیں سے کس نے تحقیقات پر کوئی اعتراض تو نہیں کیا ۔ عدالت کا کہنا تھا کہ اس قسم کی درخواست ورثاء میں سے کوئی شخص ہی دے سکتا ہے اور بے نظیر بھٹو کے ورثاء میں سے اگر کوئی شخص چاہے تو ایسی درخواست دے سکتا ہے لہذا اسلم چودھری کی درخواست قابل سماعت نہیں ہے۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کی درخواست کو خارج نہ کیا جائے وہ اپنی درخواست واپس لے لیتے ہیں ۔ جسٹس تصدق جیلانی کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو کے ورثاء کی جانب سے پہلے ہی ایک ایف آئی آر درج کروائی جا چکی ہے اس لئے اس کی موجودگی میں دوسری ایف آئی آر درج نہیں ہو سکتی ۔ عدالت نے اسلم چودھری کی جانب سے درخواست واپس لئے جانے پر کیس نمٹا دیا ۔