مسلم لیگ ن نے سندھ، بلوچستان میں انتخابی اتحادکی کوششیں تیز کر دیں
اسلام آباد (مقبول ملک/دی نیشن رپورٹ) آئندہ عام انتخابات میں ون ٹو ون کے مقابلے کے لئے مسلم لیگ سندھ اور بلوچستان میں قومیت پرستوں اور دیگر علاقائی جماعتوں سے معاملات طے کرنے اور انتخابی اتحاد کے لئے کوششیں تیز تر کر دی ہیں۔ باخبر ذرائع نے دی نیشن کو بتایا کہ مسلم لیگ ن نے اس حوالے سے ہوم ورک مکمل کر لیا ہے وہ بلوچستان میں بی این پی اور جمہوری وطن پارٹی اور دیگر قومیت پرست جماعتوں سے اس وقت اتحاد کے معاملات فائنل کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی کی پختونخواہ ملی عوامی پارٹی اور دیگر جماعتوں کو بھی اس میں شامل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ سندھ میں کی جانے والی کوششوں کے حوالے سے مسلم لیگ ن کے ایک سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ کراچی میں گرینڈ نیشنل الائنس بنانے کی تیاریاں جاری ہیں جو پی پی پی اور ایم کیو ایم کو چونکا دے گا مسلم لیگ ن شمالی وزیرستان آپریشن کے حوالے سے حکومتی فیصلے کا بھی انتظار کر رہی ہے۔