• news

ملالہ کی ہسپتال میں سکیورٹی سخت، پاکستانی ہائی کمشنر کو بھی ملاقات کی اجازت سے انکار

برمنگھم+ لندن (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) کوئین الزبتھ ہسپتال میں زیرعلاج ملالہ کی سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے جبکہ پاکستانی ہائی کمشنر واجد شمس الحسن کو بھی ملاقات کی اجازت دینے سے انکار کر دیا گیا‘ برطانوی پولیس نے ملالہ یوسف زئی کی سکیورٹی انتہائی سخت کر دی ہے اور ہسپتال میں کسی بھی شخص کو ان سے ملنے نہیں دیا جا رہا۔ برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر واجد شمس الحسن نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملالہ کی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ وہ گذشتہ روز جب ان کی عیادت کے لئے کوئین الزبتھ ہسپتال گئے تو انہیں ملالہ سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ملالہ یوسف زئی کی صحت کے حوالے سے ہسپتال انتظامیہ نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ بدھ کو ڈاکٹرز نے بتایا کہ کوئن الزبتھ ہسپتال کے چلڈرن وارڈ میں زیر علاج ملالہ کی حالت میں صبح خاصی بہتری محسوس کی گئی، ملالہ یوسف زئی نے دوسری رات بھی اطمینان سے گزاری۔ ہسپتال کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ ملالہ تیزی سے روبہ صحت ہے اور معالجوں کی ٹیم ملالہ کا معائنہ کررہی ہے۔ اُمید کی جارہی ہے کہ بچی جلد صحت یاب ہو کر وطن واپس جا سکے گی۔ ہسپتال کے حکام نے بتایا کہ ملالہ کے لئے دعائیہ پیغامات اور ان کی مالی مدد کی پیشکشوں کا تانتا بندھا ہوا ہے۔ این ایچ ایس ٹرسٹ کی ویب سائٹ پر ملالہ کے خیرخواہوں کے پیغامات کے لئے ایک میسج بورڈ بنا دیا گیا ہے۔کوئین الزبتھ ہسپتال برمنگھم کے خیراتی ادارے نے ہسپتال کے مرکزی فنڈ سے جڑا ایک اکاﺅنٹ بھی قائم کیا ہے جس میں ملالہ کے علاج میں حصہ بٹانے کے خواہشمند افراد رقم بھیج سکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن