• news

مےرے ریوس سوئنگ کے فن کو عمران خان نے بہتر بنایا : وقار یونس

سڈنی (آئی این پی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وکوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ مےرے ریوس سوئنگ کے فن کو عمران خان نے بہتر بنایا، میرے کامیاب کیریئر میں50فیصد وسیم اکرم کا عمل دخل تھا۔کرکٹ ویب سائٹ کو انٹرویو میں وقار یونس نے کہا کہ عظیم عمران خان کی قیادت میں کھیلنا کسی اعزاز سے کم نہیں تھا۔ انہوں نے میری بہت رہنمائی کی جس سے میری خامیاں تیزی سے دُور ہوئیں۔ انہوں نے کہاکہ وسیم اکرم اور میرے درمیان زیادہ وکٹیں لینے کے مقابلے کی فضا سے ٹیم کو بہت فائدہ ہوا لہٰذا مجھے اس بات کے کہنے میں کوئی عار نہیں کہ میرے کامیاب کیرئیر میں 50 فیصد وسیم اکرم کا عمل دخل تھا۔ انہوں نے کہاکہ سوئنگ باﺅلنگ کا فن ختم نہیں ہو رہا آج بھی عرفان پٹھان، ایشانت شرما اور دیگر باﺅلرز سوئنگ کی وجہ سے مشہور ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ 1995تک میں نئی گیند سے باﺅلنگ کرتا رہا لیکن بعد میں رفتار کی کمی کی وجہ سے پرانی گیند سے باﺅلنگ کو ترجیح دی اور بے شمار وکٹیں حاصل کی ہیں۔ عمران خان کی بے شمار خوبیاں تھیں وہ میچ سے قبل کوچنگ کرتے لیکن میچ کے دوران کبھی بھی میری باﺅلنگ میں مداخلت نہیں کرتے تھے۔ انہوں نے کہاکہ بال ٹیمپرنگ شروع کے دن سے ہو رہی ہے اور آج بھی ہوتی ہے لیکن نوے کی دہائی میں میرے اور وسیم اکرم کے جادو کا سحر توڑنے کےلئے بال ٹمپرنگ کا زیادہ شور مچایا گیا۔ بال ٹیمپرنگ کو قانونی شکل دینے سے مسئلہ حل نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ میں اور وسیم اکرم ایک دوسرے کا بوجھ اُٹھاتے تھے اور مقابلے کی فضا سے دونوں کی کارکردگی میں نکھار آتا تھا۔ ہم دونوں مڈآف اور مڈ آن پر کھڑے ہوکر باﺅلرز کو دیکھتے تھے جس کے بعد اپنی حکمت عملی بناتے۔ وقار یونس نے کہاکہ جنید خان باصلاحیت باﺅلر ہے جسے تینوں فارمیٹس میں مواقع دئیے جائیں اور نئے باﺅلرز کو ٹیم کا حصہ بنایا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن