ہاکی فیڈریشن کا سلیکشن کمیٹی ختم کرنیکا فیصلہ‘ حنیف خان چیف کوچ مقرر
لاہور (سپورٹس رپورٹر+آئی این پی) پاکستان فٹبال فیڈریشن کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بھی سلیکشن کمیٹی کا کردار ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا جس کا باقاعدہ اعلان 22 اکتوبر کوس ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں ارکان کی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایف آئی ایچ ماسٹر کوچ طاہر زمان کی جانب سامنے آنے والی تجویز کے بعد غور شروع کیا ہے۔ مستقبل میں ٹیم سلیکشن کے لئے کپتان، کوچ مینجر کو بااختیار بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے سینئر ہاکی ٹیم کی مینجمنٹ کو حتمی شکل دیدی گئی ہے جس کا اعلان بھی ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد کیا جائیگا۔پاکستان فٹبال فیڈریشن نے قومی ٹیم کے انتخاب کے لئے سلیکشن کمیٹی کے کردار کو پہلے سے ہی ختم کر رکھا ہے اور یہ ذمہ داری کپتان، کوچ اور مینجر کو سونپی گئی ہے۔ پاکستان ہاکی ٹیم کی مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کے حوالے سے اہم فیصلوں کے لیے پی ایچ ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 22 اکتوبر کو لاہور میں طلب کر لیا گیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر قاسم ضیاءکی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے جن میں پاکستان سینئر ہاکی ٹیم کی مینجمنٹ کے علاوہ سلیکشن کمیٹی کے معاملات زیر غور لائے جائیں گے۔ اس موقع پر گذشتہ 22 مارچ کو ہونے والے ایگزیکٹو بورڈ کے فیصلوں کی منظوری کے ساتھ ساتھ 2014ءکے ورلڈ کپ کے علاوہ 2016ءکے اولمپک مقابلوں کے لیے حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔ سیکرٹری آصف باجوہ کا کہنا تھا کہ اجلاس میں پاکستان ہاکی کے اگلے دس سال کی منصوبہ بندی کی جائے گی جن پر عمل درآمد کر کے پاکستان ہاکی کا مستقبل روشن بنایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق حنیف خان کو چیف کوچ مقرر کر دیا گیا ہے اور دیگر اہم سابق کھلاڑیوں کو بھی ذمہ داریاں سونپے جانے کا امکان ہے۔ کوچ شاہد علی کو فارغ کر دیا جائے گا۔