ججز کی کمی، پنجاب کی ماتحت عدالتوں میں 13لاکھ سے زائد زیر التوا مقدمات
لاہور(ایف ایچ شہزاد سے) پنجاب کے36اضلاع کی ماتحت عدالتوں میں 13لاکھ سے زائد زیر التواءاور نئے دائر ہونے والے مقدمات کی سماعت کےلئے 1172ججز عدالتی فرائض ادا کر رہے ہیں۔ جن میں 36 ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، 264 ایڈیشنل سیشن ججز جبکہ سول ججز، جوڈیشل مجسٹریٹس اور سپیشل مجسٹریٹس کی تعداد 838 ہے۔ ایکس کیڈر میں فرائض سر انجام دینے والے ایک سو سے زائد ججز کی تعداد اس کے علاوہ ہے۔ ججز کی کمی کا اس بات سے اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ ماتحت عدالتوں میں ہر جج کے پاس زیر التوا مقدمات کی اوسط تعداد تقریباً ایک ہزار ہے۔ صوبے میں ضلع لاہور ججز کی تعداد کے اعتبار سے پہلے نمبر پر ہے جہاں 29 سیشن ججز، تین گارڈین ججز، 87سول ججز اور43 جوڈیشل مجسٹریٹس عدالتی فرائض سر انجام دے رہے ہیں جبکہ زیر التواءمقدمات کی تعداد بھی سب سے زیادہ لاہور میں ہے جو سول ججز اور مجسٹریٹس کی عدالتوں میں1لاکھ 42 ہزار اور سیشن عدالتوں میں90 ہزار سے زائد ہےں۔ مقدمات کی تعداد کے لحاظ سے فیصل آباد دوسرے اور گوجرانوالہ تیسرے نمبر پر ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب کی ماتحت عدالتوں میں ججز کی آسامیوں کو دگنا کرنے کےلئے حکومت پنجاب کو مراسلہ بھجوا رکھا ہے جس پر تاحال کام شروع نہیں ہو سکا کیونکہ ججز کی تقریباً ایک ہزار نئی آسامیوں کےلئے سالانہ دو ارب روپے سے زائد رقم کی ضرورت ہو گی۔