• news

سرکاری فارموں میں پلنے والے قربانی کے جانور من پسند افراد کو فروخت کرنیکا انکشاف

لاہور (چودھری اشرف) محکمہ لائیو سٹاک پنجاب کے حکام کی جانب سے سرکاری فارموں میں پلنے والے جانوروں کو سستے نرخوں من پسند افراد کو فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ جانوروں کو عیدالاضحیٰ کے قریب آنے پر اوپن مارکیٹ میں فروخت کیا جاتا تو سرکاری خزانے کو بھاری مالی فائدہ ہو سکتا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جن افراد کو سرکاری نرخوں پر بڑے اور چھوٹے جانور فروخت کئے گئے وہ جانوروں کو اوپن مارکیٹ میں دو سے تین گنا زیادہ نرخوں پر فروخت کر رہے ہیں۔ محکمہ لائیو سٹاک نے بڑے جانوروں کے لئے 2سو روپے فی کلو بکرے کی سوا 4سو روپے جبکہ چھترے کی قیمت تین سو روپے فی کلو قیمت مقرر کر رکھی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کی بیورو کریسی کی جانب سے محکمہ لائیو سٹاک کے حکام کو ایک فہرست موصول ہوئی جس میں بڑے اور چھوٹے جانوروں کی تعداد بتائی گئی ہے جنہیں پورا کرنے کے لئے محکمہ کے افسران نے اوپن مارکیٹ سے خریدنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ محکمہ لائیو سٹاک پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ تمام جانوروں سرکاری نرخوں کے حساب سے فروخت کئے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن