بیکری کیس : وزیراعلی کے داماد کو 14 روزہ ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) جوڈیشل مجسٹریٹ یلماز غنی نے بیکری ملازم تشدد کیس میں گرفتار وزیراعلی شہباز شریف کے داماد علی عمران کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تفتیشی افسر نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا نہیں کی ہے لہذا ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا جائے۔ عدالت نے ملزم کی درخواست ضمانت پر ایس ایچ او پولیس تھانہ ڈیفنس بی کو مقدمے کے ریکارڈ سمیت آج جمعہ کو طلب کر لیا ہے۔ علی عمران کے وکیل نے درخواست ضمانت میں موقف اختیار کیا کہ علی عمران بے گناہ ہے اور اسے اعانت جرم میں گرفتار کیا گیا ہے لہذا عدالت ملزم کو ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کرے۔ علی عمران شامل تفتیش ہونے کے لئے خود تھانے پیش ہوا مگر پولیس نے اسے گرفتار کر لیا اور اسے اعانت جرم کے مقدمے میں غلط طورپر گرفتار کیا گیا ہے۔