• news

داماد کیخلاف کارروائی‘ شہبازشریف نے ناقدین کے منہ بند کر دیئے : عوامی حلقے

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کے انتہائی اور بروقت اقدام نے نہ صرف صوبے میں گڈ گورننس کے نفاذ کا عملی ثبوت دیا ہے بلکہ اپنے داماد کے خلاف قانونی کارروائی کے ذریعے ناقدین کے منہ بھی بند کر دئیے ہیں جو اس ذاتی نوعیت کے معاملے کو ہوا دے کر ایک بڑا ایشو بنانا چاہتے تھے۔ عوامی حلقوں نے اس حوالے سے اپنی آراءمیں کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب جیسے منصب پر سیاسی رہنما کی طرف سے اپنے ہی انتہائی قریبی عزیزکے معاملے میں خود کو غیر جانبدار کر لینا آسان نہیں اور نہ ہی ایسی مثال ملکی تاریخ میں نظر آتی ہے۔ عوامی حلقوںکا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس اقدام نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ پورے پنجاب کی عوام کے بلاامتیاز وزیر اعلیٰ ہیں اور خادم اعلیٰ کا لقب انہیں ہی زیب دیتا ہے۔ شہباز شریف جو کہتے ہیں عملی طور پر کر کے بھی دکھاتے ہیں۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ بیکری کے ملازم پر تشدد اگرچہ اتنا بڑا واقعہ نہیں لیکن وزیر اعلیٰ نے اس پر صرف نوٹس لینے پر ہی اکتفا نہیں کیا بلکہ مقدمہ درج کرایا‘ پولیس اہلکاروں کو گرفتار کروایا اور پھر اپنے داماد کو بھی شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا جس کے نتیجے میں وہ آج پس زنداں ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ان تمام اقدامات اور غیر جانبدارانہ کارروائی کے بعد مخالفین بھی شہباز شریف کی قانون کی بالادستی پر ان کے عزم کے معترف ہو گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن