مخدوم احمد عالم مسلم لیگ ن میں شامل‘ ٹھگوں‘ لٹیروں نے پاکستان کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا : شہبازشریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلی شہباز شریف سے سابق وفاقی وزیر اور ق لیگ کے رہنما مخدوم احمد عالم انور نے ماڈل ٹاﺅن میں ملاقات کی اور نوازشریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ بیرسٹر محسن شاہنواز رانجھا اور عبدالغفور ایڈووکیٹ بھی ملاقات میں موجود تھے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہاکہ مخدوم احمد عالم انور کی پارٹی میں شمولیت سے مسلم لیگ (ن) مزید مضبوط ہوگی۔ جمہوریت کے استحکام، اداروں کی مضبوطی اور عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں کو بڑے پیمانے پر پذیرائی حاصل ہو رہی ہے اور مخدوم احمد عالم انور کی شمولیت مسلم لیگ (ن) کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ عوام کی خدمت ہی مسلم لیگ (ن) کا اوڑنا بچھونا ہے اور عوام کی بھرپور حمایت سے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔ اس موقع پر مخدوم احمد عالم انور نے کہا کہ مجھے محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتمادہے۔ مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت عوامی خدمت کی مثال ہے۔ شہباز شریف صوبے کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔ مخدوم احمد عالم انور نے وزیراعلیٰ کو انقلابی اقدامات پر زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعلی خود روزگار سکیم کے تحت بلاسود قرضے تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ اس سکیم کے تحت ہر سال 2 ارب روپے کے بلا سود قرضے مستحق افراد میں تقسیم کئے جا رہے ہیں جس سے ڈیڑھ لاکھ غریب خاندان مستفید ہو رہے ہیں۔ اس سکیم کا حقیقی مقصد بھکاری پن کو دفن کر کے بیوپار ی پیدا کرنا اور پاکستان کو اس سفر پر گامزن کرنا ہے، پنجاب حکومت نے ڈیڑھ سال قبل اغیار کی ایسی امداد ترک کر دی تھی جو ملک کے بے گناہ لوگوں کے خون میں بھیگی ہو اور جس سے ملک و قوم کی عزت پر حرف آتا ہو۔ اغیار کی امداد ترک کرنے کے باوجود پنجاب حکومت کے ترقیاتی منصوبے کامیابی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔گزشتہ 65 سالوں میں غریب قوم کے اربوں روپے ہڑپ کئے جا چکے ہیں جس کی وجہ سے پاکستان آج غربت کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے اور ہماری عزت و توقیر پر دن رات حملے ہو رہے ہیں۔ ٹھگوں ، لٹیروں اور چوروں نے پاکستان کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ غریبوں کی محنت کی کمائی لوٹنے والے بددیانتی کے تمغے سینوں پر سجائے اقتدار کے زینے چڑھ رہے ہیں۔ وہ وقت جلد آئے گا جب قوم کی لوٹی ہوئی دولت لیٹروں کے پیٹوں سے نکال کر غریب عوام کی فلاح و بہبود پر صرف کی جائے گی۔ دریں اثناء ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ قانون و انصاف کے کٹہرے میں امیرو غریب سب برابر ہیں۔انصاف فراہم نہ کرنے والے معاشرے مٹ جاتے ہیں۔ ہر شہری کو اس کے عہدے اور حیثیت سے بالاتر ہوکر انصاف کی فراہمی میرامشن ہے۔ زندگی بھر قانون کی حکمرانی اور بالادستی کو جان سے عزیز رکھا ہے۔ بیکری تشدد کیس میں پولیس حکام کو انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لئے ہدایات جاری کیں۔ میرا ماضی اور حال قانون وانصاف کی حکمرانی یقینی بنانے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔