نیا فوجی آپریشن شروع کرنے سے پہلے سیاسی اور عسکری قیادت میں اتفاق رائے پیدا کیا جائے گا : صدر‘ وزیراعظم
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + اے پی اے) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے دورہ کویت سے وطن واپسی کے بعد ایوان صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور انہیں اپنے دورے کے دوران کویتی قیادت و دیگر عالمی رہنماﺅں کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں اور پاکستان کے موقف کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال، اعلی عدلیہ سے تعلقات، دوہری شہریت بل سمیت دیگر معاملات پر تفصیلی مشاورت کی گئی جبکہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کا فیصلہ سیاسی و عسکری قیادت کے مکمل اتفاق رائے سے کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق صدر زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت مفاہمت کی پالیسی پرعمل پیرا ہے اور آئندہ عام انتخابات میں بھی وہ عوام کی عدالت میں جائینگے انہوں نے کہا جمہوری حکومت تمام اداروں کا احترام کرتی ہے اور کسی سے محاذ آرائی نہیں چاہتی ہے جبکہ اہم قومی معاملات پر اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے عمل کو بڑھایا جائے گا۔ ملاقات میں ملالہ یوسفزئی پر حملے کے بعد شمالی وزیرستان آپریشن کے حوالے سے بڑھتے ہوئے عالمی دباﺅ پر بھی غور کیا گیا تاہم دونوں رہنماﺅں کا اس بات پر اتفاق تھا کہ کوئی بھی نیا فوجی آپریشن شروع کرنے سے قبل سیاسی اور عسکری قیادت میں اتفاق رائے پیدا کیا جائے گا اور تمام قوتوں کو آن بورڈ کرنے کے بعد ہی کسی نئے آپریشن کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ لیا جائے گا۔