پہلی نیشنل ٹریک قومی سائیکلنگ چیمپئن شپ کے انتظامات مکمل
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے زیراہتمام منعقد ہونے والی پہلی مینز اینڈ ویمنز نیشنل ٹریک سائیکلنگ چیمپئن شپ کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ دو روزہ چیمپئن شپ کل بروز ہفتہ سے لاہور سائیکلنگ ویلو ڈروم میں ہوگی جو سائیکلسٹ کو 32 ویں نیشنل گیمز کی تیاری میں مدد گار ثابت ہوگی۔ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر ادریس حیدر خواجہ کے مطابق چیمپئن شپ میں فیڈریشن سے ملحقہ تمام یونٹس کی ٹیموں کے علاوہ ڈیپارٹمنٹس کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی رانا مشہود خان ہونگے جبکہ اختتامی تقریب کے موقع پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کرینگے۔