وزیراعلیٰ پنجاب کا اچھا اقدام دوسری جماعتوں کیلئے مثال ہے: مہرین انور، انعام نیازی
اسلام آباد (وقت نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما مہرین انور راجہ کا کہنا ہے ملک میں وی آئی پی کلچر ختم ہونا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وقت نیوز کے پروگرام ٹونائٹ ود فہد حسین میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام میں تحریک انصاف کے رہنما انعام اللہ نیازی اور مسلم لیگ ن کے رہنما طارق فضل چودھری نے بھی شرکت کی۔ بیکری ملازم پر تشدد کے واقعے پر بات کرتے ہوئے مہرین انور راجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس واقعہ پر اچھا قدم اٹھایا ان کا یہ قدم دوسری جماعتوں کیلئے مثال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی ایک علیحدہ معاملہ ہے لیکن گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگا کر راستے نہیں بند کرنے چاہئے۔ انعام اللہ نیازی نے بھی شہباز شریف کے اس اقدام کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اختیارات کا ناجائز استعمال نہیں ہونا چاہئے۔ اگر کسی سیاستدان کی زندگی کو خطرہ ہے تو سیاست چھوڑ دے۔ منظور وٹو کو پنجاب کا صدر بنانا پیپلز پارٹی کا غلط فیصلہ ہے۔ طارق فضل چودھری کا کہنا تھا کہ امن و امان کی صورتحال کی وجہ سے وی آئی پیز کو سکیورٹی رکھنی پڑتی ہے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی یہ غلط فہمی ہے کہ منظور وٹو کو لا کر پنجاب میں حکومت بنا لیں گے، پیپلز پارٹی جتنا پیسہ بھی لگا لے پنجاب میں ایک سیٹ بھی نہیں جیت سکے گی۔