کراچی کو اسلحہ سے پاک کرنے اور خونریزی روکنے کیلئے فوج کے حوالے کیا جائے: تاجر، صنعتکار
کراچی (سٹاف رپورٹر) وفاق ایوانہائے تجارت و صنعت نے 8 نومبر کو کراچی میں ہڑتال کی دھمکی دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں جاری خون ریزی اور دہشت گردی کو ختم کرنے اور کراچی کو اسلحے سے پاک کرنے کے لیے فوج کے حوالے کیا جائے اگر دہشت گردوں کے خلاف سوات میں فوجی آپریشن ہوسکتا ہے توکراچی میں کیوں نہیں۔ یہ بات جمعہ کو ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر ایس ایم منیر اور ایف پی سی سی آئی کے قائم مقام صدر ہارون رشید نے فیڈریشن ہاﺅس میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ایس ایم منیر نے کہاکہ کراچی میں امن وامان کی ابتر صورتحال کے باعث پاکستان سے صنعتیں منتقل ہورہی ہیں۔ انہوں نے چیف آف آرمی سٹاف سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں دہشت گردوں او راسلحے سے پاک کرنے کےلئے فوری طور پر کراچی میں آپریشن کریں۔