• news

اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو مسلم لیگ ن ٹریک ریکارڈ کے مطابق قوم کی خدمت کریگی: نوازشریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف نے نماز جمعہ رائے ونڈ جاتی عمرہ میں ادا کی اور اپنے والد میاں محمد شریف مرحوم کے مرقد پر حاضری دی۔ اس موقع پر ممبران قومی اسمبلی کیپٹن ر صفدر، حمزہ شہباز شریف، میاں جاوید لطیف، مسلم لیگ (ن) کے رہنما عارف سندھیلہ، میجر (ر) ذوالفقار شاہ، عثمان تنویر بٹ، سواتی خان، چودھری باقر، ملتان اور بہاولپور سے آئی ہوئی خواتین و مرد کارکن بھی موجود تھے۔ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے پیپلز پارٹی اور ان کے اتحادیوں کی ناقص پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ قوم کی نظریں آپ (نوازشریف) پر لگی ہوئی ہیں۔ نوازشریف نے کہا کہ آپ لوگ گلی کوچوں میں پھیل جائیں اور آنے والے انتخابات کے لئے پارٹی کے لوگوں کے لئے کام کریں، اگر ہمیں اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے مسلم لیگ (ن) کی تجربہ کار ٹیم اپنے ٹریک ریکارڈ کے مطابق قوم کی خدمت کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن