رقوم تقسیم کرنیوالے جرنیلوں کا کورٹ مارشل ہونا چاہئے: راجہ ریاض
لاہور (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت نیوز+ نیوز ایجنسیاں) پیپلز پارٹی پنجاب کی صوبائی پارلیمانی کمیٹی نے اصغر خان کیس میں چیف الیکشن کمشنر سے آئی ایس آئی سے پیسے لینے والوں کو نااہل قرار دینے اور ایسے سیاستدانوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ کر دیا۔ اجلاس میں 3 قراردادیں منظور کی گئیں۔ راجہ ریاض نے کہا کہ جن جرنیلوں نے رقوم تقسیم کیں ان کا کورٹ مارشل ہونا چاہئے۔ پہلی قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ سپریم کورٹ سے اصغر خان کیس میں فیصلے کے بعد آئی جے آئی کی تمام قیادت کو الیکشن کمشن آف پاکستان فوری طور پر نہ اہل قرار دے اور نیب تمام رقم وصول کرنے والے لیڈروںکو گرفتار کر کے رقوم کی برآمدگی کروائے اور ان کے خلاف سپریم کورٹ آف پاکستان کی ہدایت پر مقدمات درج کئے جائیں دوسری قرارداد میں سپریم کورٹ اصغر خان کیس فیصلے کے بعد پس پردہ سازشیں کر کے بے نظیر بھٹوکی جمہوری حکومت ختم کرانے اور جعلی مینڈنٹ کے ذریعے دوتہائی اکثریت حاصل کرنیوالوںکا عوام کے سامنے پول کھل گیا ہے ایک فوجی سربراہ سے ملکر خلاف آئین ،جمہوری اداروں کے خلاف سازش کرنے اور خفیہ فنڈز لیکر سیاسی سرگرمیوں پر اثر انداز ہونے آئین کی خلاف ورزی کے بھی مرتکب ہوئے ہیں لہٰذا الیکشن کمیشن فوری نوز شریف اور شہباز شریف کو 10 سال کے لئے نااہل قرار دے تیسری قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ الیکشن کمشن آزادانہ تحقیقات کے لئے وزیراعلیٰ کی رکنیت معطل کرے تاکہ بطور وزیراعلیٰ وہ آزادانہ تحقیقات پر اثر انداز نہ ہو سکیں اور میاں نواز شریف اور شہباز شریف قوم سے جمہوری حکومت کو ختم کرنے پر پاکستان اور عوام کے ووٹ چرانے پر قوم سے معافی مانگیں۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے راجہ ریاض نے کہا کہ سابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل (ر) مرزا اسلم بیگ اور ڈی جی آئی ایس آئی جنرل (ر) اسد درانی کا کورٹ مارشل ہونا چاہئے۔ ان دونوں کا نام فوری طور پر ای سی ایل میں ڈال دینا چاہئے۔