جنرل (ر) اسلم بیگ اور اسد درانی کو گرفتار کیا جائے: رانا ثنااللہ
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ جنرل (ر) اسلم لیگ اور اسد درانی کو گرفتار کیا جائے۔ پیسے لینے میں جو لوگ ملوث ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انٹرنیشنل جوڈیشل کانفرنس کے ارکان سے عشائیے میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا جو تحقیقات میرٹ پر ہوں گی ان پر اعتماد کریں گے۔قبل ازیں رانا ثنااللہ خاں نے کہا تھا کہ راجہ ریاض کے بیانات اور پیپلز پارٹی پنجاب کی قراردادیں انتخابی دنگل سے بھاگنے کی ابتدا ہے لیکن مسلم لیگ ن انہیں انتخابات سے بھاگنے نہیں دے گی۔ راجہ ریاض بولنے سے پہلے حال ہی میں سپریم کورٹ سے ملنے والے ”تمغہ شرمندگی“ کو ضرور سامنے رکھ لیا کریں۔ راجہ ریاض قوم کو یہ بتائیں کہ سپریم کورٹ نے فیصلے میں جن فوجی افسران کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے، ان کے خلاف پیپلزپارٹی کی حکومت کب کارروائی شروع کر رہی ہے اور عوام کے خون پسینے کی کمائی ان سے وصول کرکے سرکاری خزانے میں جمع کب کروا رہی ہے۔انہوںنے کہا کہ وزیراعظم سیاستدانوں سے بھی پائی پائی وصول کریں اور جو رینٹل پاور میں اربوں روپے لوٹے ہیں وہ بھی واپس کریں۔ توقیر صادق نے 83 ارب روپے لوٹے۔ ان سے بھی وصولی کی جائے۔
”امن بذریعہ قانون“کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا نے کہا ہے کہ انصاف تک رسائی ہر شہری کا حق ہے اور اسے یقینی بنائے بغیر پرامن معاشرے کی تشکیل کا خواب ادھورا رہتا ہے۔ اس موقع پر بھارت، بنگلہ دیش، افغانستان کے مندوبین اور وکلا بھی شریک تھے۔
وزیر قانون نے کہا قانون کی سربلندی اور بلاتفریق احتساب سے ہی جمہوری ادارے اور قومیں استحکام حاصل کرتی ہیں۔ قبل ازیں رانا ثنا نے صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن یاسین آزاد کو حکومت پنجاب کی جانب سے پانچ کروڑ روپے کی گرانٹ کا چیک پیش کیا۔