• news

اسرائیل کو امداد پر نظرثانی کی جائے‘ 15 امریکی گرجا گھروں کا کانگرس کو خط

واشنگٹن (این این آئی) امریکہ کے 15 گرجا گھروں کے رہنماﺅں نے کانگریس کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کو دی جانے والی امداد پر نظرثانی کی جائے کیونکہ اسرائیل انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔ امریکی کانگریس کو مشترکہ خط لکھنے والے عیسائی رہنماﺅں کے مطابق اسرائیل فلسطین میں شہریوں کے قتل عام، ان کے گھروں کی تباہی اور جبری بے دخلی سمیت دیگر اقدامات سے انسانی حقوق پامال کررہا ہے۔ امریکی کانگریس اسرائیل کے خلاف تحقیقات کرے اور فوجی امداد دیتے ہوئے اسرائیل سے دوسرے ملکوں جیسا ہی سلوک کرے، ایسے کسی ملک کو امداد نہیں دی جانی چاہئے جو مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کررہا ہو۔ عیسائی رہنماﺅں کا کہنا ہے کہ اس وقت دنیا بھر کی توجہ صرف شام کے حالات پر ہے اور ان کے خط کا مقصد فلسطینیوں کے مصائب کو دوبارہ توجہ کا مرکز بنانا ہے۔ عیسائی رہنماﺅں کے خط پر امریکا میں یہودی تنظیموں نے شدید ناراضی کا اظہار کیا ہے اور اسے بین المذاہب ہم آہنگی کے خلاف قرار دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن