صومالیہ کے بحری قزاقوں نے یو اے ای کا بحری جہاز عملہ سمیت 2 سال بعد رہا کر دیا
موغا دیشو (اے پی پی) صومالیہ کے بحری قزاقوں نے 6 لاکھ ڈالر تاوان کی وصولی کے بعد یو اے ای کمپنی کا بحری جہاز عملہ سمیت 2 سال بعد رہا کر دیا تاہم 6 یرغمالی اب بھی بحری قزاقوں کے قبضہ میں ہیں۔ صومالی بحری قزاقوں نے دسمبر 2010ءمیں بحر ہند میں سیچلز جزیرے کے شمال مشرق میں یو اے ای کمپنی کا کارگو بحری جہاز ایم وی اورنا عملہ سمیت یرغمال بنایا تھا۔ بحری قزاقوں نے تاوان کی وصولی میں تاخیر کرنے پر رواں سال اگست میں عملہ کے ایک رکن کو گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔ قزاقوں کے کمانڈر حسن عابدی نے امریکی خبررساں ادارے کو بتایا کہ انہوں نے 6 لاکھ ڈالر تاوان کی وصولی کے بعد کارگو بحری جہاز ایم وی اورنا کو عملہ سمیت رہا کر دیا ہے۔