• news

فیصل آباد : آل پارٹیز مجلس مشاورت‘ گستاخانہ فلم کیخلاف ملک گیر جلسوں‘ ریلیوں کا فیصلہ

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) جماعة الدعوة فیصل آباد کے زیراہتمام آل پارٹیز مجلس مشاورت منعقد ہوئی جس میں جماعة الدعوة کے مرکزی رہنما ڈپٹی کنوینئر تحریک حرمتِ رسولﷺ قاری محمد یعقوب شیخ، انٹر نیشنل ختم نبوتﷺ موومنٹ کے سیکرٹری جنرل و کوارڈینیٹر مذہبی امور حکومت پنجاب صاحبزادہ علامہ زاہد محمود قاسمی، جماعة الدعوة کے ضلعی امیر ڈاکٹر مزمل ہاشمی، تحریک حُرمت رسول ﷺ کے مرکزی رہنما سید عبدالوحید شاہ، تحریک عشقِ مصطفی ، تنظیمات اہلسنت کے چیئرمین پیر افضل قادری، پاکستان علماءکونسل پنجاب حافظ محمد امجد، قاری جاوید اختر قادری چیئرمین امن کمیٹی ضلع فیصل آباد و دیگر نے شرکت کی۔ علماءنے اپنے مشترکہ اعلامیے میں کہا کہ ملالہ یوسف زئی کے مسئلے کو اچھال کر تحریک حُرمتِ رسول ﷺ کے مسئلے کو دبانے کی مذموم سازش کی جا رہی ہے۔ اس کی آڑ میں شمالی وزیرستان میں آپریشن کے لئے راہ ہموار کی جا رہی ہے جبکہ دوسری طرف امریکی گستاخانہ فلم کے سلسلہ میں جاری تحریک حرمت رسولﷺ کو پس منظر میں لے جانے کی سازش کی جا رہی ہے۔ اس ساز ش کے توڑ کے لئے تمام علماءکرام مذہبی وسیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہو کر مصروف عمل ہیں۔ تحریک حُرمت رسول ﷺ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک امریکہ میں گستاخانہ فلم کے بنانے والے امریکی پادری ٹیری جونزسمیت دیگر ملزمان کیفر کردار تک نہیں پہنچ جاتے یہ لائحہ عمل بھی ترتیب دیا گیا کہ ملک گیر سطح پر جلسے جلوس اور ریلیاں بھی منعقد کی جائیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن