ورلڈ الیون کا پاکستان میں سیکورٹی صورتحال پر اظہار اطمینان‘ ٹی 20 سیریز کے بعد کھلاڑی واپس چلے گئے
کراچی (آئی اےن پی) پاکستان آل سٹارزکیخلاف دو نمائشی ٹی ٹوئنٹی میچزکھیلنے کے بعد کپتان جے سوریا سمیت انٹرنیشنل ورلڈ الیون کے کھلاڑی گزشتہ روز واپس چلے گئے۔ ایسے وقت میں جب سیکیورٹی خدشات کے باعث کوئی غیرملکی ٹیم پاکستان کا دورہ کرنے کو تیار نہیں ہے، توسری لنکا، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور افغانستان کے کرکٹرز پر مشتمل انٹرنیشنل ورلڈ الیون نے پاکستان کا دورہ کر کے سونے میدان آباد کر دئیے۔ کرکٹ کو ترسے ہوئے شائقین نے ساڑھے تین سال کے طویل عرصے بعد غیرملکی کرکٹرز کو ایکشن میں دیکھا۔ ٹیم کے کپتان جیسوریا سمیت جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیزکے پلئیرز اور آفیشلز پیرکی صبح کراچی سے براستہ دبئی اورابوظہبی اپنے اپنے ملک روانہ ہوئے۔ افغانستان سے تعلق رکھنے والے دو کھلاڑی پیر کو دوپہر ساڑھے بارہ بجے روانہ ہوئے۔ واپس جانے والے کھلاڑیوں میں ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا کے اسٹیون ٹیلر، لوٹ واسمین، آندرے نیل، نینٹنی ہیورڈ، ریکارڈوپال، انیڈریوسیمور، جیف ملر، جیمی سلان اور ایڈم سینفرڈ شامل ہیں۔ کراچی ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انتظامیہ کمیٹی کے رکن محمود ملک نے کہا کہ تمام کھلاڑی سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن تھے اور انہوں نے کراچی میں میچ کھیلنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انٹرنیشنل ٹیموں کو بھی پاکستان آنے کا مشورہ دیا۔ محمود ملک نے بتایا کہ میچ کی ویڈیو اور تصویریں دیکھنے کے بعد دیگر ملکوں کے کھلاڑیوں نے بھی پاکستان آنے کی خواہش کر اظہار کیا۔ امن وامان کے پس منظر میں کراچی میں دو انٹر نیشنل ٹی ٹوئنٹی میچوں کا انعقاد حکومت اور انتظا میہ کیلئے بڑی کامیابی ہے۔ انٹرنیشنل ورلڈ الیون کے کوچ ایلون کالی چرن (کل) بدھ کو واپس جائیں گے۔ وہ کئی سابق کرکٹرز کے مہمان بنے ہوئے ہیں۔ انٹرنیشنل ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں نے پاکستان میں سکیورٹی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کھیلوں کےلئے محفوظ ملک ہے، انٹرنیشنل ٹیموں کو ضرور پاکستان آنا چاہیے، پاکستان میں کوئی سیکیورٹی رسک نہیں۔ وطن واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹیم منیجر جیف ملر نے کہا کہ انہوں نے پاکستان کا دورہ بے حد انجوائے کیا انہوںنے کہاکہ پاکستان نے کھلاڑیوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی ہے۔ کراچی میں دو انٹر نیشنل ٹی ٹوئنٹی میچوں کا انعقاد حکومت اور انتظا میہ کیلئے بڑی کامیابی ہے۔ پاکستان میں پر امن ماحول میں میچ کھیل کر بہت زیادہ لطف آیا، تماشائیوں کا جوش و خروش ہماری تو قعات سے بڑھ کر تھا۔
ٹامس برڈیچ نے جو ولفریڈ سونگا کو ہرا
کر سٹاک ہوم ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا
سٹاک ہوم (اے پی پی) ٹامس برڈیچ نے جو ولفریڈ سونگا کو ہرا کر سٹاک ہوم ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔ مینز ٹورنامنٹ کے فائنل میں جمہوریہ چیک کے ٹامس برڈیچ نے فرانس کے جو ولفریڈ سونگا کو سخت مقابلے کے بعد 4-6، 6-4 اور 6-4 سے شکست دیدی۔
یہ ان کا رواں سال میں دوسرا اے ٹی پی ٹائٹل ہے۔