• news

ویمن ٹی 20 ایشیا کپ کل سے شروع ہو گا‘ پاکستانی ٹیم چین پہنچ گئی


گوانگ ژو (نیوز ایجنسیاں) ویمن ٹی ٹوئنٹی ایشیا کرکٹ کپ کل بدھ سے چےن کے شہر گوانگ ژو میں شروع ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں ایشیا کی 8 ٹیمیں حصہ لیں گی جنھیں اے اور بی دو مختلف گروپ میں رکھا گیا ہے۔ گروپ اے میں پاکستان، ہانگ کانگ، بھارت اور تھائی لینڈ جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، چےن، نیپال اور سری لنکا کی ٹیمیں شامل ہیں۔ پاکستانی ویمن ٹیم پہلا میچ تھائی لینڈ کی ٹیم کے خلاف 24 اکتوبر کو صبح دس بجے کھیلے گی۔ پاکستان ٹیم کا دوسرا میچ 27 اکتوبر کو ہانگ کانگ کے خلاف چار بجے شام ہوگا۔ پاکستان کا تیسرا میچ روایتی حریف بھارت کے ساتھ 28 اکتوبر کو ہوگا۔ سیمی فائنلز 30 اکتوبر کو اور فائنل 31 اکتوبر کو ہوگا۔ ٹورنامنٹ کے دوران سفید گیند کا استعمال کیا جائے گا۔ تمام میچز دن کے وقت کھیلے جائیں گے ۔ایشیا کپ میں حصہ لینے والی پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم میں کپتان ثناءمیر، نائب کپتان سیدہ نین فاطمہ عابدی، بسمعہ معروف، جویریہ ودود، ندا راشد، مرینہ اقبال، سیدہ بتول فاطمہ نقوی، قانیتہ جلیل، عثماویہ اقبال، ربعیہ شاہ، مریم حسن شاہ، سعدیہ یوسف، ناہیدہ بی بی، سمایہ صدیقی اور ریزرو میں الزبتھ برکت، معصومہ جنید، زیبا منظور، ثانیہ اقبال، سدرہ امین شامل ہیں۔ویمن کرکٹ ٹیم ایشین ٹی20 کپ کھیلنے کیلئے چین پہنچ گئی جبکہ ٹیم کی کپتان ثنا ءمیر نے کہا کہ ٹیم نے بڑی محنت کی ہے،،قوم کو مایوس نہیں کرے گی۔15رکنی قومی ویمن کرکٹ ٹیم کپتان ثنا ءمیرکی قیادت میں چین پہنچی۔کوچ محتشم رشیداور منیجر عائشہ سمیت 4آفیشلز بھی ساتھ ہیں۔ ٹیم خاصی پر اعتماد اور پرعزم دکھائی دے رہی تھی۔ کپتان ثناءمیر نے میڈیا کوبتایاکہ ٹیم نے بیٹنگ میں بہت محنت کی‘ بھارت اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے ساتھ سخت مقابلوں کی توقع ہے،تاہم پر عزم ہیں،کوشش کریں گی کہ قوم کو مایوس نہ کریں۔کوچ محتشم رشیدکاکہناتھاکہ صرف 2کھلاڑی تبدیل کی ہیں اور وہ ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن