پاکستان میں ڈرون کی تعداد میں اضافہ‘ اب ہر وقت جاسوس طیارے مشن پر ہونگے: سابق سی آئی اے افسر
واشنگٹن (خصوصی نمائندہ) امریکہ کا صدارتی الیکشن حتمی مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔ صدر اوباما اور ان کے مدمقابل مٹ رومنی آج کل خارجہ پولیسی پر بحث میں مصروف ہیں۔ اس موقع پر سی آئی اے کے ایک سابق عہدےدار بروس رائیڈل نے صدارتی امیدواروں پر زور دیا ہے کہ وہ لیبیا کو بھلا کر پاکستان پر توجہ مرکوز کریں۔ ”ڈیلی بیسٹ“ میں ایک مضمون میں وہ لکھتے ہیں ان کی معلومات کے مطابق امریکہ اپنے ڈرون فلیٹ یا بیڑے میں اضافہ کر رہا ہے تاکہ جاسوس طیارے پاکستان کی فضا¶ں میں غیر معینہ عرصہ تک قیام کر سکیں۔ بروس کا کہنا ہے کہ پاکستان دنیا کا چھٹا بڑا ملک ہے اور وہ جلد دنیا کا سب سے بڑا مسلم ملک بھی بننے والا ہے۔ وہ تیزی سے ایٹمی ہتھیار بنا رہا ہے اور القاعدہ لیڈر شپ بھی وہیں مقیم ہے۔ پاکستان عالمی جہادی مرکز ہے، نائن الیون سے لے کر ممبئی حملوں تک القاعدہ اور اس کے اتحادی کالعدم لشکر طیبہ نے کراچی، لاہور، ایبٹ آباد میں بھی اپنی سازشوں کا تانا بانا تیار کیا۔ 2008ءکے صدارتی الیکشن کے بعد پاکستان امریکہ میں نیویارک سٹی سب وے اور ٹائمز سکوائر حملوں کی سازش کا پلیٹ فارم رہا ہے۔ آئی ایس آئی نے طالبان کی قیادت کو کوئٹہ، کراچی، وزیرستان میں پناہ دے رکھی ہے۔