پاکستان امریکہ سٹریٹجک ڈائیلاگ غیراعلانیہ طور پر بحال
اسلام آباد (سہیل عبدالناصر) پاکستان اور امریکہ کے درمیان سٹریٹجک ڈائیلاگ کو غیراعلانیہ طور پر بحال کر دیا گیا ہے اور اس ڈائیلاگ کی ذیل میں آنے والے تمام آٹھ ورکنگ گروپس کے تحت مذاکرات کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ دفتر خارجہ کے ایک ذریعے کے مطابق اوباما انتظامیہ سیاسی وجوہ کے تحت صدارتی انتخاب سے پہلے پاکستان کے ساتھ سٹریٹجک ڈائیلاگ کے معاملے کو منظرعام پر نہیں لانا چاہتی اور نہ ہی ڈائیلاگ کی اہمیت کے پیش نظر اس پراسس کو ترک کر سکتی ہے۔ اس اُلجھن کا یہ حل تلاش کیا گیا ہے کہ سٹریٹجک ڈائیلاگ کے عنوان کے بغیر اور ورکنگ گروپوں کی تعداد کم کرکے مذاکرات کا سلسلہ شروع کر دیا جائے۔ امریکہ میں پاکستان کی سفیر شیری رحمن برطانیہ میں تعطیلات گزارنے کے بعد ورکنگ گروپوں کے اجلاسوں کی تاریخوں اور تیاریوں کے سلسلے میں اسلام آباد پہنچی ہیں۔ گیارہ ورکنگ گروپس کی تعداد غیراعلانیہ ڈائیلاگ کے تحت آٹھ کر دی گئی ہے۔ بحالی کا باضابطہ اعلان امریکہ میں صدارتی انتخاب کے بعد نئی انتظامیہ قائم ہونے کے بعد ہی کیا جائے گا۔