زرداری جتنے مرضی صدر بدل لیں مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت کم نہیں کر سکتے: رانا ثنائ
لاہور (خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ لٹیرے دن میں خواب دیکھنا چھوڑ دیں، پنجاب میں حکومت بنانے کا ان کا خواب‘ خواب ہی رہے گا‘پیپلزپارٹی نے ماضی میں بھی پنجاب پر قبضہ کرنے کے لئے لوٹاکریسی کا بازار گرم کرتے ہوئے گورنر راج تک لگایا مگر اُسے منہ کی کھانا پڑی۔ ایک بیان میں رانا ثناءاللہ نے کہا کہ منظوروٹو جیسے سیاستدان اقتدار کے حصول کے لئے کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ زرداری کی جانب سے منظور وٹو کو پنجاب کی صدارت دینے کے بعد بے اختیار نائب وزیراعظم کی حالت بھی دیدنی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زرداری پنجاب میں پیپلزپارٹی کے جتنے مرضی صدر تبدیل کر لیں وہ مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت کو کم نہیں کر سکتے۔