نصرت بھٹو کی پہلی برسی ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منائی گئی
لاہور+اسلام آباد (خبرنگار+ نامہ نگاران+ ایجنسیاں) پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کی اہلیہ اور سابق چیئرپرسن نصرت بھٹو کی پہلی برسی گذشتہ روز لاہور سمیت ملک بھر میں عقیدت احترام سے منائی گئی۔ پیپلزپارٹی کے تمام ونگز کے زیراہتمام قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا انعقاد کیا گیا جبکہ کئی مقامات پر تعزیتی تقریبات بھی ہوئیں جس میں مرحومہ کی جمہوریت کیلئے خدمات پر روشنی ڈالی گئی۔ نصرت بھٹو کی برسی کی مرکزی تقریب گڑھی خدا بخش میں بھٹو مزار کمپلیکس میں ہوئی۔ سندھ بھر سے پیپلزپارٹی کے کارکنان بڑی تعداد میں برسی کی تقریبات میں شرکت کیلئے گڑھی خدا بخش پہنچے تھے۔ بعدازاں لاہور سمیت ملک بھر میں نصرت بھٹو کی روح کو ایصال ثواب کیلئے تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ لاہور میں نصرت بھٹو کی پہلی برسی کے موقع پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ سید آصف ہاشمی کی رہائش گاہ پر تقریب ہوئی جس میں بدر الدین چودھری، میاں منیر احمد، راحت سعید خان، فراز ہاشمی، عبدالوحید خان، تسلیم مغل، سلیم ملک، صدیق ظفر، جاوید اختر، ارشد بھولا، رانا افتخار علی، غلام سرور اعوان سمیت پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر آصف ہاشمی نے کہاکہ بیگم نصرت بھٹو کی قومی و ملکی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ علاوہ ازیںوفاقی وزیر و پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے نصرت بھٹو کی برسی کے موقع پر انھیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نصرت بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو کے خاندان کی عظیم قربانیوں کی وجہ سے پاکستان میں جمہوری دور حکومت کا قیام عمل میں آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مادر جمہوریت کی جمہوری خدمات کا اعتراف آج پوری قوم اور پیپلز پارٹی کے سیاسی مخالفین بھی کر رہے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت میں بڑی تقریب گورنر ہاﺅس میں ہوئی جس میں پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو، جنرل سیرٹری تنویر اشرف کائرہ، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض احمد اور دیگر صوبائی اور مقامی راہنماﺅں نے شرکت کی۔ پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کے زیراہتمام مقامی ہوٹل میں بھی تقریب ہوئی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے بھائی اور پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما راجہ عمران اشرف کی رہائش گاہ فیض آباد فارم ہاﺅس میں قرآن خوانی اور تعزیتی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں مرحومہ کے روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے راجہ عمران اشرف نے کہاکہ بیگم نصرت بھٹو عزم و استقلال کی پیکر اور غیرجمہوری قوتوں کے خلاف مزاحمت کی علامت تھیں۔ انہوں نے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کو زندہ رکھا۔ ایوان صدر میں بھی قرآن خوانی ہوئی جس میں صدر آصف علی زرداری، وفاقی وزراءاور پارٹی رہنماﺅں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔