”لبیک اللھم لبیک“ کی پرنور صداﺅں کیساتھ مناسک حج کی ادائیگی آج سے شروع ہو گی
مکہ مکرمہ (مبشر اقبال استادانوالہ سے+ این این آئی+ اے پی پی) اسلامی تاریخ کے 1425 ویں حج کے مناسک آج بدھ سے شروع ہونگے۔ پاکستان سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے 30 لاکھ سے زائد مسلمان ”لبیک اللھم لبیک“ کی صدائیں بلند کرتے ہوئے مکہ مکرمہ سے شہر کے شمال مشرق میں 6 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع وادی منیٰ میں قائم خیموں میں گزشتہ رات سے ہی پہنچنا شروع ہوگئے جہاں وہ آج ظہر، عصر، مغرب اور عشاءکی نمازیں ادا کرینگے۔ منیٰ میں رات قیام اور نماز فجر کی ادائیگی کے بعد وہ حج کے سب سے بڑے رکن وقوفِ عرفہ کیلئے روانہ ہوجائیں گے۔ امسال ایک لاکھ 80 ہزار پاکستانی فریضہ حج کی سعادت حاصل کرینگے۔ سعودی حکومت نے حج کی ادائیگی کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلیتے ہیں جبکہ خادم حرمین شریفین شاہ عبد اللہ حج انتظامات کی نگرانی کیلئے جدہ پہنچ گئے ہیں۔ دوسری طرف سعودی وزیر داخلہ شہزادہ احمد بن عبدالعزیز نے حج انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی شخص کو فریضہ حج کی ادائیگی کے دوران گڑبڑ کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ حجاج کا تحفظ ہرممکن طریقے سے یقینی بنائینگے۔ سعودی وزارت صحت نے مشاعرہ مقدسہ میں ضیوف الرحمن کی خدمت کیلئے 135 چھوٹی ایمبولینسیں مہیا کی ہیں جو مشاعر مقدسہ منیٰ اور مزدلفہ میں انتہائی انتہائی نگہداشت کے گشتی مراکز کے طور پر کام کریں گی۔ 55 بڑی ایمبولینسیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔ یہ مریض حجاج کو مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ کے ہسپتالوں میں پہنچانے کا کام کریں گی۔ ان پر 350 ڈاکٹر اور نرسیں نیز تکنیکی کارکن تعینات ہیں جبکہ مشاعر مقدسہ کیلئے 5 فضائی ایمبولینسوں کا بندوبست کیا گیا ہے۔ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں 15 ہسپتال حجاج کرام کو طبی خدمات فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔ حج انتظامیہ نے حجاج کرام کی نگرانی کیلئے منیٰ میں 3 ہزار کیمرے نصب کئے ہیں جن کی مدد سے خیمہ بستی کی نگرانی کی جائیگی۔ محکمہ شہری دفاع فورس کے کمانڈر میجر جنرل محمد القرنی نے بتایا کہ محکمہ شہری دفاع کی جانب سے مشاعر مقدسہ میں حفاظتی اقدامات کے پیش نظر جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے۔ حج میں جوازات فورس کے کمانڈر بریگیڈئر عایض الحربی اور مکہ مکرمہ ریجن کے معاون ڈائیرکٹر برائے امور حج بریگیڈئر محمد بن عبد اللہ الشہری نے صحافیوں کو بتایا کہ غیرقانونی طور پر حج اجازت ناموں کے بغیر عازمین حج کو منتقل کرنیوالوں کیخلاف فی کس 10 ہزار ریال جرمانہ جبکہ گاڑی ضبط کرلی جائیگی۔ سپیشل ایمرجنسی فورس کے کمانڈر میجر جنرل خالد الحربی نے کہا کہ امسال دوران حج بدامنی کی کسی بھی واردات سے نمٹنے کیلئے ایمرجنسی فورس کے 16 ہزار جوان پوری طرح چوکس ہیں۔