پاکستان ہاکی فیڈریشن کی گورننگ باڈی کا اجلاس آج ہو گا
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس آج نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں صدر قاسم ضیاءکی زیرصدارت ہوگا جس میں اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ سلیکشن کمیٹی کے کردار کو ختم کر دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق سابق چیف سلیکٹر حنیف خان کو ان کی خواہش پر قومی ٹیم کا کوچ مقرر کرنے، ٹیم مینجمنٹ کے دیگر ارکان میں اختر رسول اور اجمل خان لودھی کو برقرار رکھتے ہوئے گول کیپنگ کوچ شاہد علی خان کو فارغ کر کے ان کی جگہ جونیئر مینجمنٹ سے احمد عالم کو سینئر ٹیم مینجمنٹ میں شامل کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا جس کا اعلان آج ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔ ایف آئی ایچ ماسٹر کوچ طاہر زمان کی بھی پاکستان ہاکی فیڈریشن میں بطور کنسلٹنٹ کوچ خدمات کے حوالے سے بھی فیصلہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں پاکستان ہاکی ٹیم کی لندن اولمپک میں قومی ٹیم کی کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی جائے گی جس کی روشنی میں سینئر کھلاڑیوں کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ٹیم مینجمنٹ کو دسمبر میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے سکواڈ کی ذمہ داری دی جائے گی۔