پاکستانی کھلاڑی نے گرینڈ پریکس شوٹنگ ٹورنامنٹ میں طلائی تمغہ جیت لیا
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان کے عزیر احمد نے گرینڈ پریکس شوٹنگ ٹورنامنٹ میں طلائی تمغہ جیت کر نئی تاریخ رقم کر دی۔ نیشنل رائفل آف پاکستان ایسوسی ایشن کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق 25 سالہ عزیر احمد نے ایران میں گرینڈ پریکس شوٹنگ ٹورنامنٹ میں انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 600 میں سے 547 پوائنٹس حاصل کر کے ملک کےلئے طلائی تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ انٹرنیشنل سپورٹس شوٹنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام منعقدہ ایونٹ میں 10 ممالک سے شوٹر حصہ لے رہے ہیں۔ ایونٹ میں پاکستان سے 6 شوٹرز مختلف کیٹگریز کے مقابلہ میں حصہ لے رہے ہیں۔