ایبٹ آباد کمشن کی مکمل رپورٹ ملنے تک اس پر تبصرہ نہیں کر سکتے: امریکہ
واشنگٹن (آن لائن+ آئی این پی) امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ ایبٹ آباد کمشن کی رپورٹ کے صرف وہی حصے دیکھے ہیں جو پاکستانی میڈیا میں شائع ہوئے۔ مکمل رپورٹ ملنے تک اس پر تبصرہ نہیں کرسکتے۔ واشنگٹن میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ مارک ٹونر کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت نے ایبٹ آباد کمشن کی رپورٹ فراہم نہیں کی ہے۔ امریکہ کو یہ جاننے میں انتہائی دلچسپی ہے کہ اسامہ بن لادن کو پاکستان میں کس نیٹ ورک کی مدد حاصل تھی۔ مارک ٹونر نے کہا کہ ایبٹ آباد کمشن نے رپورٹ کی تیاری کیلئے تحقیقات کے دوران امریکی حکام سے کوئی رابطہ نہیں کیا تھا۔ آئی این پی کے مطابق مارک ٹونر نے کہا کہ ایبٹ آباد کمشن کی رپورٹ سے پاکستانی اور امریکی عوام کو آگاہ کیا جانا چاہئے۔ ملالہ یوسفزئی پر حملہ پاکستان کے عوام کیلئے دہشت گردوں کا کھلا اعلان ہے کہ وہ بچیوں کو تعلیم کے میدان سے دور رکھنا چاہتے ہیں۔ عوام کو ان کیخلاف متحد ہونا ہوگا۔ انکا کہنا تھا کہ امریکہ کہہ چکا ہے کہ وہ اسامہ اور اسکے نیٹ ورک کے حوالے سے پاکستان کو مطلوب معلومات فراہم کریگا۔