افغانستان: جھڑپ میں 10 سکیورٹی اہلکار‘ 3 طالبان جاں بحق‘ سینکڑوں افغان شہریوں کا بیگناہ افراد کی ہلاکت پر امریکہ کے خلاف مظاہرہ
ہرات (اے ایف پی) افغانستان کے صوبہ ہرات میں طالبان نے سکیورٹی فورسز کے دستے پر حملہ کر کے 5افسروں سمیت 10اہلکار ہلاک کر دیئے۔ جوابی کارروائی میں 3حملہ آور بھی مارے گئے۔ افغان حکام کے مطابق ہلاک ہونیوالوں میں ضلع اوبے کے پولیس چیف بھی شامل ہیں۔ پولیس ترجمان کے مطابق طالبان نے اس وقت فائرنگ کر دی جب کانوائے اوبے ضلع سے گزر رہا تھا۔ فائرنگ کا تبادلہ کافی دیر جاری رہا۔ اوبے ضلع کے گورنر نجیب اللہ احمدی کا کہنا ہے کہ لڑائی میں 5سکیورٹی اہلکار اور 5پولیس اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ جوابی کارروائی میں مرنیوالوں میں طالبان لیڈر بھی شامل ہے۔ دوسری طرف اے پی پی کے مطابق امریکہ کی جانب سے دو افغان شہریوں کی ہلاکت اور گرفتاری کے خلاف سینکڑوں افغان باشندوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے صوبے زابل میں مظاہرے کے دوران قندھارکابل روڈ کو آمدورفت کیلئے بند کردیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر امریکہ مخالف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر مظاہرین نے کہا کہ امریکہ کے فضائی حملوں میں معصوم شہری نشانہ بن رہے ہیں۔ امریکہ افغانستان میں فوری طور پر آپریشن ختم کرکے فوجیوں کو واپس بلایا جائے۔