• news

الیکشن کمشن اصغر خاں کیس میں رقم لینے والوں کیخلاف کارروائی نہیں کر سکتا، آئینی ماہرین

لاہور (وقائع نگار خصوصی) آئینی ماہرین نے اصغر خان کیس کے فیصلے پر عملدرآمد سے متعلق چیف الیکشن کمشنر جسٹس فخر الدین جی ابراہیم کے اس بیان کو قانون کے مطابق قرار دیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ اصغر خاں کیس میں پیسے لینے والوں کے خلاف کسی کارروائی کا اختیار نہیں رکھتے۔ سپریم کورٹ کے سینئر وکیل اے کے ڈوگر نے کہا کہ الیکشن کمشن کی بنیادی ذمہ داری شفاف انتخابات کا انعقاد ہے، جرائم میں کسی انتخابی امیدوار کو نوٹس دینا، ٹرائل یا سزا کا اختیار فوجداری عدالتوں کے پاس ہے۔ لاہور بار کے صدر چودھری ذوالفقار علی نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر پر تمام سیاسی جماعتوں سمیت پوری قوم کو اعتماد ہے۔ وہ آئین سے بالا کوئی ایکشن نہیں لیں گے۔ سپریم کورٹ بار کے سابق سیکرٹری محمد امین جاوید نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر کا اصغر خان کیس پر عملدرآمد کے حوالے سے جو بھی آئینی و قانونی کردار ہو گا وہ اس کو بخوبی نبھائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن