اقلیتی امور کے فنڈز سابق وزیر کے حلقے ‘ حج عمرے پر خرچ ہوئے : پی اے سی میں انکشاف
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت+نوائے وقت نیوز) پی اے سی کو بتایا گیا ہے کہ اقلیتی امور کے فنڈز سابق وزیر کے انتخابی حلقے پر خرچ ہوئے جبکہ ان سے مبینہ طور پر حج عمرے بھی کئے جاتے رہے ہیں۔ کمیٹی نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے خلاف شکایات پر اس کے چیئرمین کو طلب کر لیا ہے۔ وزارت قومی ہم آہنگی کے آڈٹ پر غور کیلئے پی اے سی کا اجلاس اسلام آباد میں یاسمین رحمن کی زیرصدارت ہوا۔ آڈٹ حکام نے بتایا کہ سابق وفاقی وزیر رئیس منیر نے اقلیتی فلاحی فنڈ سے اپنے انتخابی حلقہ پر 2کروڑ خرچ کئے۔ رکن کمیٹی اور وزیر مملکت اکرم مسیح گل نے کہا کہ غیرمسلموں کے فنڈ سے حج، عمرہ ہو رہا ہے، اسلامی نظریہ کونسل سے رائے لی جائے، وزارت کے ماتحت متروکہ وقف املاک کی لاہور میں اراضی ایک ادارے کو دی گئی اس کے بدلے آج تک زمین نہیں ملی، اس ادارے کا چیئرمین غیرمسلم شخص مقرر کیا جائے۔ کمیٹی نے چیئرمین وقف املاک بورڈ آصف ہاشمی کو طلب کرتے ہوئے اس بورڈ کے جائیداد امور کا جائزہ لینے کا حکم دیدیا اور اس کی اراضی تفصیلات بھی طلب کر لیں۔ وفاقی سیکرٹری کیڈ نے بتایا کہ اسلام آباد کے ایک ہزار نجی سکولز میں سے رجسٹرڈ 6سو ہیں، رجسٹریشن فیس بڑھاکر 1لاکھ کرنے کی تجوزی زیرغور ہے۔ چیئرپرسن کمیٹی نے کہا کہ رجسٹرینش نہ کرانے والے نجی سکولز کو بند کر دیں، ڈی جی وفاقی نظامت تعلیمات نے کمیٹی کو بتایا کہ نجی شعبہ کے سکولز کو تقاضا ہونے پر مفت کتابیں بھی دے رہے ہیں، اس پر کمیٹی نے گذشتہ ایک برس کے دوران ایسی مفت تقسیم کتب کی تفصیلات طلب کر لیں۔پی اے سی نے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کی مدت ملازمت میں توسیع نہ ہونے کے باوجود ان کی دفتر میں موجودگی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے آئین وقانون کو پامال کیا جا رہا ہے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کی مدت ملازمت ختم ہو گئی ہے پھر وہ کیسے کام کر رہے ہیں کمیٹی نے ہدایت کی کہ چیئرمین آئندہ اجلاس میں ارکان کی جانب سے اٹھائے گئے سوالوں کے جواب دینے سے قبل وزیراعظم سے اپنی ملازمت میں توسیع کرا کے آئیں۔