پنجاب میں پولیس مقابلے، رحمن ملک نے رپورٹ طلب کر لی، عدالتی تحقیقات کا فیصلہ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + آن لائن + ثناءنیوز) وزیر داخلہ رحمن ملک نے پنجاب پولیس سے پولیس مقابلوں کی رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے کہا ہے کہ پنجاب میں پولیس مقابلے بہت زیادہ ہو رہے ہیں، اس سلسلے میں سیکرٹری داخلہ رپورٹ دیں، تمام مقابلوں کی عدالتی تحقیقات کرائی جائیں گی۔ ہر صوبے میں عدالتی کمیشن پولیس مقابلوں کی تحقیقات کرے گا۔ قبل ازیں رحمن ملک نے کہا ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر موبائل فون سروس بند کرنے کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، عید کے موقع پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائینگے جبکہ سکیورٹی اداروں کو بھی ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں یورپی یونین کے سفیر نے رحمن ملک سے ملاقات کر کے پاکستان میں یورپین یونین کے سفیر وزیر داخلہ کا ڈپلومیٹک انکلیو میں سفیروں کی حفاظت کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات پر شکریہ ادا کیا۔ علاوہ ازیں نائب وزیراعظم پرویز الٰہی اور (ق) لیگ کے صدر شجاعت حسین نے رحمن ملک سے ملاقات کی اور ملک کی سیاسی صورتحال کے ساتھ ساتھ سکیورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر مواصلات ارباب عالمگیر بھی وزیر داخلہ سے ملے۔