• news

کراچی : پولیس اہلکار‘ سیاسی کارکنوں سمیت 13 مزید جاں بحق


کراچی (کرائم رپورٹر/ نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ نہ رک سکا۔ بدھ کو بھی شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں پولیس اہلکار اور سیاسی کارکنوں سمیت 12 افراد جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہو گئے۔ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں سائٹ اور پرانا گولیمارمیں احتجاج بھی کیاگیا۔ نیپئر میں نامعلوم افراد نے پولیس ہیڈ کانسٹیبل محمد ظہیر کو اغوا کے بعد تشدد اور فائرنگ کرکے ہلاک کردیا اور نعش لی مارکیٹ میں تانگہ سٹینڈ کے قریب کچرا کنڈی میں پھینک کر فرار ہوگئے۔ منگھوپیر کے علاقے میں ناردرن بائی پاس کے قریب سے بھی ایک شخص کی بوری بند لاش ملی ہے جسے سر اور سینے میں گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔ مچھر کالونی میں مسلح افراد نے یوسف بنگالی کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔ مقتول فشری میںکام کرتا تھا پولیس کا کہنا ہے کہ اسے رینجرز کے لئے مخبری کرنے کے شبہ میں قتل کیا گیا۔ کلفٹن کے علاقے نیلم کالونی میں نامعلوم مسلح کار سوار ایک شخص کی نعش پھینک کر فرار ہوگئے جسے چھری کے وار کرکے ہلاک کیا گیا تھا۔ کباڑی مارکیٹ میں نگینہ سینٹر کے نزدیک مسلح افراد نے عاشق حسین کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔ مقتول گلگت کا رہنے والا تھا۔ میٹرو چورنگی کے نزدیک بھی عامر کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا گیا۔ جمالی گوٹھ میں بھی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا جبکہ نارتھ ناظم آباد میں لنڈی کوتل چورنگی پر منگل کی شب آئل چینج کی دکان پر فائرنگ سے زخمی ہونے والا نوجوان عبدالواحد نے عباسی ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ دیا۔ گولیمار میں برج کے قریب مسلح افراد نے جنازہ کے شرکاءپر بھی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اہل سنت و الجماعت کا ایک کارکن وقار شاہ سر میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا بعد میں زخمی کو لیاقت نیشنل ہسپتال پہنچایا گیا جہاں اُسے داخل کرلیا گیا ہے۔ اس واقعے کے بعد اہل سنت و الجماعت کے کارکنوں نے احتجاج کیا اور اس دوران حکومت کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ علاوہ ازیں سائٹ کے علاقے میٹرو ول میں مسلح افراد نے بھتہ دینے سے انکار پر گوشت کی ایک دکان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد سائٹ میں بھی مشتعل افراد نے سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا اورٹائر جلائے۔ بدھ کی شب لیاری کے علاقے کلاکوٹ میں گبول پارک کے نزدیک بھی مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاپان خان ہلاک ہوگیا جب کہ لیاقت آباد کے علاقے بندھانی کا لونی میں فائرنگ سے ایک دوسرے واقعے میں اہل سنت والجماعت کے کارکن دو بھائی شفیق اور زبیر زخمی ہوگئے۔ گولیمار کے علاقے میں فائرنگ کے دوران زخمی شخص بھی دم توڑ گیا۔ اورنگی ٹاﺅن میں بھی زخمی ہونے والا شخص دم توڑ گیا۔ علاوہ ازیں لیاری میں رینجرز کے ٹارگٹڈ آپریشن اور دیگر علاقوں میں پولیس چھاپوں کے نتیجے میں گینگ وار اور تحریک طالبان کے چھ کارندوں سمیت 11ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا جن کے قبضے سے اسلحہ کے علاوہ دستی بم، مارٹر گولے اور قیمتی سامان سے بھرے ٹرک کے ساتھ ساتھ دو مسروقہ موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لیں گئیں۔
پہلی عید سپیشل ٹرین آج کراچی سے لاہور پہنچے گی
لاہور (این این آئی) ریلوے کی طرف سے عیدالاضحی کے موقع پر مسافروں کی سہولت کے لئے اعلان کردہ پہلی عید سپیشل ٹرین 900 مسافروں کو لےکر لاہور کے لئے روانہ ہو گئی،جو آج لاہور پہنچے گی ۔ سپیشل ٹرین گیارہ بوگیاں پر مشتمل ہے۔ دوسری ٹرین بھی کراچی سے لاہور کے لئے 25 اکتوبر جبکہ تیسری عید سپیشل ٹرین 25 اکتوبر کو پشاور سے لاہور کے لئے روانہ ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن