زرداری حکومت کی غلط پالیسیوں سے عوام پریشان ہیں: حمزہ شہباز
گوجرانوالہ + لاہور (نمائندہ خصوصی + خصوصی رپورٹر) زرداری حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث بدامنی‘ مہنگائی اور بیروزگاری کی وجہ سے عوام بہت پریشان ہیں‘ ہم اقتدار میں آ کر وطن عزیز کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار حمزہ شہباز نے ایم این اے بیرسٹر عثمان ابراہیم کے دفتر میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا حلقہ پی پی 92 میں الیکشن کوضمنی نہیں بلکہ عام الیکشن کی طرح لڑا جائے گا۔ سروے سے ثابت ہو گیا کہ عوام کے دلوں کی دھڑکن مسلم لیگ (ن) اور نوازشریف ہی ہیں۔ علی بابا چالیس چوروں کا مستقبل صرف اندھیرا ہے۔ بیرسٹر عثمان ابراہیم نے کہا کہ فتح انشاءاللہ ہمارے امیدوار نواز چوہان کے ہی قدم چومے گی۔ بعدازاں حمزہ شہباز نے سرکٹ ہاﺅس میں ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور کارکنان سے کی، ضمنی الیکشن کے سلسلہ میں لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔ ادھر الحمرا ہال نمبر ایک میں پنجاب بورڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن کے ادارے کے پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبا ت میں لیپ ٹاپس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے کہا زرداری حکومت نے پاکستان کو ذلت اور محتاجی کی اتھاہ گہرائیوں میں دھکیل دیا ہے مگر ہمارا نوجوان پڑھا لکھا طبقہ اس اندھیرے کو جلد روشنی میں بدل دے گا۔ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے غریب طبقے کی حوصلہ افزائی کر کے پوزیشن ہولڈرز کے لئے بلاامتیاز نقد انعامات، بیرون ملک دورے اور مفت لیپ ٹاپس فراہم کر کے تعلیم کے میدان میں ایسے چراغ جلائے ہیں جن کی روشنی قوم کے لئے نشان منزل ثابت ہو گی۔ تقریب میں رکن پنجاب اسمبلی رانا ارشد، چیئرمین بورڈ محمد شفیق اور سیکرٹری بورڈ کے علاوہ ٹیکنیکل تعلیمی اداروں کے پرنسپل صاحبان، اساتذہ کرام، طلبا و طالبات اور ان کے والدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ حمزہ شہباز شریف نے 81 طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپس تقسیم کئے۔ پاکستان کا اصل مسئلہ اس کا 64 سالہ فرسودہ نظام ہے جس کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا اور جدید نظام کی تشکیل نوجوانوں کے م¶ثر تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔ پنجاب حکومت نے 10 ارب روپے سے انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا ہے جس سے ہزاروں غریب ہونہار طلبا و طالبات زیور تعلیم سے آراستہ ہو رہے ہیں۔ شہباز شریف کے دور سے قبل غریب طبقے کے پوزیشنیں حاصل کرنے واے طبقے کے بچے او ران کے والدین بھاری نقد انعامات کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے تھے۔ پنجاب یوتھ فیسٹیول میں 10 بین الاقوامی ریکارڈ توڑ کر نوجوانوں نے اپنے باصلاحیت ہونے کا ثبوت فراہم کر دیا۔ زرداری حکومت محض ایک ارب ڈالر رقم کے لئے ملک کی خودمختاری کا سودا کر کے ڈرون حملوں کی اجازت دے دیتی، بھارت سے تجارت کی بھیک مانگتی ہے۔ عوام کو اگلے انتخابات میں ووٹ دیتے وقت ان تمام باتوں کو مدنظر رکھنا ہو گا۔ فنی تعلیم کے طلبا کے لئے وظائف دگنے کر دئیے جائیں گے جبکہ ٹیکنیکل اداروں کے طلبا کے انجینئرنگ یونیورسٹی میں داخلوں میں حائل مسائل کو حل کرنے کے لئے ٹیکنیکل لوگوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔