امریکی صدارتی امیدواروں کا ڈرون حملوں پر اتفاق لمحہ فکریہ ہے: فضل کریم
لاہور (سٹاف رپورٹر) صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پاکستانی ریاست کے اندر پاک فوج کے علاوہ ہر مسلح گروہ کا صفایا ضروری ہے پاکستانی طالبان کے نام پر امریکہ اور بھارت نے نئی مکتی باہنی تشکیل دی ہے امریکہ کے صدارتی امیدواروں کا ڈرون حملوں پر اتفاق پاکستان کے لیے لمحہ فکریہ ہے پاکستانی قیادتیں ملکی سلامتی کے لیے کب اتفاق رائے پیدا کریں گی ملالہ پر حملے کے المناک واقعہ کو کچھ لوگ اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں امریکہ، بھارت اور اسرائیل فساد فی الارض کے بڑے مجرم ہیں انجمن غلامانِ امریکہ کی بھڑکائی ہوئی دہشت گردی کی آگ میں پاکستان جل رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے محافظانِ ختم نبوت کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت علامہ ذوالفقار مصطفی ہاشمی کر رہے تھے۔ فضل کریم نے مزید کہا کہ عوام الزام اور انتقام کی سیاست سے بیزار ہیں۔جبکہ اہلسنّت کی 40 سے زائد جماعتوں نے صاحبزادہ فضل کریم کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کر دیا اور سنی اتحاد کونسل کو اہلسنّت کا نمائندہ اور متحدہ پلیٹ فارم قرار دے دیا اس بات کا اعلان اہلسنّت جماعتوں کے ہنگامی مشترکہ اجلاس میں کیا گیا۔ یہ اجلاس جماعت اہلسنّت کے ہیڈ کوارٹر نیشنل سنی سیکرٹریٹ میں جماعت اہلسنّت صوبہ پنجاب کے صدر مفتی محمد اقبال چشتی کی صدارت میں منعقد ہوا۔