• news

کسانوں کے مفاد کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا: پرویز الٰہی

لاہور (سٹاف رپورٹر) نائب وزیراعظم چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں فصل ربیع کے لئے کھاد کی دستیابی، صارفین تک کھاد کی شفاف ترسیل، کھاد کی قیمت میں کمی اور موسم سرما میں کھاد کمپنیوں کو گیس کی فراہمی کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں ڈاکٹر عاصم نے موسم سرما میں گیس کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کھاد کمپنیاں کھاد کی قیمتیں کم کرنے کے لئے تجاویز پیش کریں تاکہ کسانوں کو مناسب داموں کھاد فراہم کی جا سکے۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ ملک میں گندم کی بوائی کا سیزن شروع ہونے کو ہے اور اس سیزن میں کھاد کی دستیابی یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے، کسانوں کے مفاد کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا۔ کھاد کی فراہمی میں درپیش تمام رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں اس وقت گیس کی قلت کی وجہ سے کھاد کمپنیاں اپنی پوری استعداد کے مطابق کھاد نہیں بنا رہیں، ہم اپنے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ملک میں کھاد کی دستیابی کے لئے کوشاں ہیں اس کے لئے ہمیں بیرون ملک سے کھاد درآمد بھی کرنا پڑی تو کی جائے گی۔ ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی کی خصوصی دلچسپی پر ہم کھاد فیکٹریوں کو گیس پہنچانے کی حتی الامکان کوشش کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن