دورہ وزیرستان: قائمہ کمیٹی دفاع کا آرمی چیف کی دعوت کا خیرمقدم
اسلام آباد (ثناءنیوز) سیاسی و پارلیمانی تاریخ میں پہلی بار پارلیمانی وفد کے دورہ وزیرستان کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع ودفاعی پیداوار کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین نے اس بارے میں کمیٹی کے دیگر سرکردہ ارکان کو بھی اعتماد میں لے لیا ہے ۔ سب نے آرمی چیف اشفاق پرویز کیانی کی جانب سے کمیٹی کو وزیرستان میں پاک فوج کے دستوں سے ملاقات کی دعوت کا خیر مقدم کیا ہے۔ اصولی طور پر ان دوروں کا فیصلہ کرلیا گیا ہے مجوزہ پروگرام کے مطابق سینٹ کی قائمہ کمیٹی دفاع و دفاعی پیداوار کے ارکان و چیئرمین فوجی دستوں سے اظہار یکجہتی کیلئے وزیرستان کا دورہ کریں گے۔ دسمبر میں کمیٹی کو جی ایچ کیو میں قومی دفاع کے اہم معاملات پر بریفنگ دی جائےگی ۔ نومبر میں کمیٹی پاک فضائیہ کے ہیڈ کوارٹر کا بھی دورہ کرےگی۔ اس طرح کمیٹی کو آئندہ اجلاس میں حساس اداروں کی ورکنگ اور بجٹ کے بارے میں بھی بریفنگ دی جائےگی۔